ممبئی : ( ویب ڈیسک ) بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار رنبیر کپور نے کہا ہے کہ وہ اپنی اگلی فلم ’ اینیمل ‘ کے بعد کچھ عرصے کے لیے بریک لیں گے۔
اپنی نئی فلم ’ تو جھوٹی میں مکار‘ کی تشہیری مہم کے دوران گفتگو کرتے ہوئے رنبیر کپور کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ جلد ہی مجھے کچھ نیا کام بھی پسند آئے گا لیکن فی الحال میں اس بریک سے خوش ہوں۔
اداکار کا کہنا تھا کہ میں ابھی ایک بیٹی کا باپ بنا ہوں اور اس طرح مجھے اپنی بیٹی کے ساتھ گزارنے کے لیے کچھ وقت ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو محبت میں نے اپنی بیٹی کے لیے محسوس کی ویسی محبت مجھے زندگی میں پہلے کبھی کسی انسان، کسی فلم یا کسی بھی چیز کے لیے محسوس نہیں ہوئی۔