لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ، ماڈل اور میزبان وینا ملک نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا پاکستانی یا بھارتی فلم انڈسٹری ( بالی ووڈ ) میں کوئی بھی دوست نہیں ہے۔
وینا ملک نے نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی کام کیا ہے اور وہ دونوں ممالک میں شہرت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں۔
اداکارہ دو بچوں کی ماں ہیں اور طلاق کے بعد وہ اکیلے اپنے بچوں کی پرورش میں مصروف ہیں اس لیے وہ بہت منتخب طریقے سے کام کرتی ہیں اور اتنی فعال نہیں رہتی جتنی وہ پہلے تھیں۔
وینا نے سرحد کے دونوں طرف کئی بڑی مشہور شخصیات کے ساتھ کام کیا ہے لیکن انہوں نے اپنے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ ان کا انڈسٹری میں کوئی دوست نہیں، نہ ہندوستان میں اور نہ ہی پاکستان میں۔
اداکارہ نے اس کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ان کا ایک بڑا خاندان ہے اور وہ ہمیشہ اپنی بہنوں اور اپنے والدین کے ساتھ بات چیت کرتی ہیں، انہوں نے سکول میں بھی کبھی کسی سے دوستی نہیں کی اور بعد میں انہیں کوئی خلا محسوس نہیں ہوا جسے وہ انڈسٹری کے دوستوں سے بھرتی۔
وینا نے کہا کہ وہ کھانے اور سامان خریدنے کے لیے بھی باہر نہیں جاتی اور صرف اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزارنے کو ترجیح دیتی ہیں۔