ممبئی: (ویب ڈیسک) برطانوی شاہ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب 6 مئی بروز ہفتے کے روز ویسٹ منسٹر ایبی میں ہوگی۔
شاہ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کے لیے شاہی خاندان کی جانب سے دنیا کے مختلف ممالک کے سربراہان اور مشہور شخصیات کو دعوت دی گئی ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تاج پوشی کی تقریب میں 2 ہزارسے زائد افراد کو مدعو کیا گیا ہے، پاکستان کی نمائندگی وزیراعظم شہبازشریف کریں گے۔
بادشاہ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب میں واحد بالی ووڈ اداکارہ کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ سونم کپورکو برطانوی شاہ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کے لیے دعوت نامہ بھیجا گیا ہے، وہ واحد بالی ووڈ شخصیت ہوں گی جو شاہ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کریں گی۔
دوسری جانب سونم کپور کو شاہی تقریب میں مدعو کیے جانے پر بہت زیادہ ٹرولنگ اور طنز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بھارتی میڈیا اور عوام کا کہنا ہے کہ سونم نے بالی ووڈ میں یا کوئی اور بڑا کام نہیں کیا، انہیں تو بھارت میں بڑے ایونٹس میں شرکت کے لیے نہیں بلایا جاتا پھر شاہ چارلس کی تاج پوشی میں انہیں کیسے مدعو کرلیا گیا؟ تاہم اس کا جواب تو شاہی خاندان ہی دے سکتا ہے۔
اطلاعات ہیں کہ سونم شاہ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب میں نہ صرف مہمان بنیں گی بلکہ شاہی تقریب میں ان کی ایک پرفارمنس بھی ہے۔