لاہور: (دنیا نیوز) لازوال دھنوں کے خالق نامور موسیقار کمال احمد کو مداحوں سے بچھڑے 30 برس بیت گئے، ان کے گیتوں نے کئی گلوکاروں کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔
نامور موسیقار کمال احمد 1937ء میں اتر پردیش میں پیدا ہوئے، نوعمری سے ہی موسیقی سے شغف انہیں فلم نگری میں لے آیا جہاں وہ فلم ’’شہنشاہ جہانگیر‘‘ کی موسیقی کی دھنیں ترتیب دے کر فلمی دنیا میں ایسا داخل ہوئے کہ پھر پیچھے مڑ کر نہ دیکھا۔
کمال احمد نے لاجواب دھنیں بنائیں اور کمال شہرت پائی، ایک کے بعد ایک کامیاب دھن ان کے نام سے منسوب ہوتی رہی۔
کمال احمد نے ’’دیا اور طوفان‘‘ کے بعد بہت سی فلموں میں موسیقی کا جادو جگایا جن میں رنگیلا، دل اور دنیا، تیرے میرے سپنے، دولت اور دنیا، راول اور بشیرا شامل ہیں، وعدہ، سلسلہ پیار دا، کندن، محبت اور مہنگائی، عشق عشق، عشق نچاوے گلی گلی، سنگرام اور ان داتا کی موسیقی بھی کمال احمد نے ترتیب دی۔
6 نگار ایوارڈز موسیقار کمال احمد کے کمال فن کا اعتراف ہیں، فلم نگری کے باصلاحیت موسیقار 6 جون 1993ء کو لاہور میں انتقال کر گئے۔