ناظرین ایسے ڈرامے پسند کرتے ہیں جن میں لڑکیوں کو مظلوم دکھایا جائے، محمد احمد

Published On 04 June,2023 02:11 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے سینئر اداکار اور لکھاری محمد احمد نے کہا ہے کہ ناظرین ایسے ڈراموں کو پسند کرتے ہیں جن میں لڑکیوں کو مظلوم دکھایا گیا ہو۔

نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر اداکار محمد احمد نے کہا کہ ایک لکھاری وہی کچھ لکھتا ہے جو اسے کہا جاتا ہے، لکھاری کی اپنی کوئی سوچ نہیں ہوتی، اس پر بطور رائٹر میں نے جب آواز بلند کی تو مجھے ریٹنگ کی فہرست دکھائی گئی جس میں واضح فرق تھا۔

اداکار نے بتایا کہ جو فہرست دکھائی گئی اس کے مطابق جب ایک لڑکی کسی ڈرامے میں پٹ رہی ہو تو اس کی ریٹنگ 14 ہوتی ہے اور جب لڑکی کو کسی قسط میں ساس کا ہاتھ پکڑے دکھایا گیا ہو اور کہہ رہی ہو کہ اب مار نہیں کھاؤں گی تو ریٹنگ 4 ہو جاتی ہے۔

محمد احمد نے کہا کہ اس کا مطلب ہے ہمارے ناظرین کو مظلوم اور پٹتی ہوئی لڑکی دکھائیں تو وہ خوش رہیں گے لیکن جب لڑکی کو مضبوط دکھائیں تو وہ چینل بدل دیں گے۔