لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ کبریٰ خان نے اداکاروں کی سوشل میڈیا پر ہونے والی ٹرولنگ پر سخت برہمی کا اظہار ہے۔
اداکارہ کبریٰ خان نجی ٹی شو میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنے کیریئر اور مختلف موضوعات پر اپنے خیالات شیئر کیے، اداکارہ نے سوشل میڈیا پر ہونے والی ٹرولنگ پر بھی شدید غصے کا اظہار کیا۔
رواں برس ایک یوٹیوبر کی جانب سے پاکستانی شوبز انڈسٹری کی نامور اداکاراؤں پر غیر اخلاقی الزامات لگائے گئے، جن کے خلاف اداکاراؤں نے عدالت اور ایف آئی اے سے رجوع کیا تھا، عدالتی حکم پر ایف آئی اے اور ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے اداکاراؤں کی سوشل میڈیا پر ہونے والی ٹرولنگ اور غیر اخلاقی مواد کو ہٹا دیا تھا۔
اس واقعہ پر گفتگو کرتے ہوئے کبریٰ خان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر جس طرح کے الزامات لگائے گئے انہیں دیکھ کر میری ذہنی حالت بہت خراب ہوگئی تھی، مجھے معاملے کو سمجھنے میں دو دن لگے کہ آخر ہوکیا رہا ہے، جب مجھے معاملہ سمجھ میں آیا تو میں نے اپنے حق کے لیے آواز اٹھائی۔
انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر میں نے اپنے خلاف ایسی چیزیں دیکھیں جن کی وجہ سے مجھے شدید گھبراہٹ ہونا شروع ہوگئی اور مجھے ہسپتال جانا پڑا، اس معاملے کو گزرے کافی وقت ہوگیا ہے لیکن آج بھی اگر میں سوشل میڈیا پر تصویر اپلوڈ کرتی ہوں تو 10 میں سے ایک شخص لازمی مذکورہ معاملے کو ہوا دینے کی کوشش کرتا ہے۔
کبریٰ کا کہنا تھا کہ آپ میرے کام اور فن پر تنقید کرسکتے ہیں لیکن میری ذاتی زندگی اور کردار پر بات کرنے کا کسی کو کوئی حق نہیں ہے،اداکار آسان ہدف ہوتے ہیں اس لیے لوگ ہمارے خلاف ہر طرح کی باتیں کرنے کو اپنا حق سمجھتے ہیں، انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے بہت سے لوگوں کو سیاست اور سیاستدانوں میں کوئی دلچسپی نہیں ہے کیونکہ ہم اپنے فن پر توجہ دیتے ہیں۔