بلاک بسٹر ڈرامہ 'میرے پاس تم ہو' اب بھارت میں بھی نشر کیا جائے گا

Published On 24 July,2023 11:07 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) پاکستان کا مقبول ترین ڈرامہ میرے پاس تم ہو اب بھارتی چینل پر بھی نشر کیا جائیگا، ڈرامے میں عائزہ خان ، ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی نے مرکزی کردار ادا کیا۔

خلیل الرحمن قمر کا تحریر کیا گیا ڈرامہ میرے پاس تم ہو ، جو کہ 2019 میں نشر ہوا، یہ بلاک بسٹر ڈرامہ جس کی 4 برس بعد بھی مقبولیت ویسی ہی ہے، پاکستان کا مقبول ترین ڈرامہ میرے پاس تم ہو اب بھارتی چینل پر بھی نشر کیا جا رہا ہے۔

انسٹاگرام پر ’میرے پاس تم ہو‘ کا ٹریلر شیئر کرتے ہوئے بھارتی چینل ’زی زندگی‘ نے اعلان کیا کہ ڈرامہ جلد انڈین ٹیلی ویژن کی اسکرینوں پر آرہا ہے، بھارتی چینلاس سے قبل متعدد پاکستانی ڈرامے نشر کرچکا ہے جن میں ’قصہ مہربانو کا‘، ’آسمانوں پہ لکھا‘ اور ’ہم کہاں کے سچے تھے‘ شامل ہیں۔

ڈرامے کو جہاں بے حد پذیرائی ملی وہی بہت سے حلقوں نے ڈرامے کے ڈائیلاگز کے خلاف آواز بھی اٹھائی  کہ جس میں ایک عورت کے روپ کو بے حد منفی انداز سے پیش کیا گیا، اس تنقید کے باوجود بھی ڈرامے کی نشر کی جانے والی آخری قسط کو تقریبا اب تک 7 کروڑ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں۔