ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی ورسٹائل اداکارہ کاجول نے انکشاف کیا ہے کہ شادی کا فیصلہ سن کر والد ایک ہفتے تک ناراض رہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کاجول نے کہا کہ اجے دیو گن سے شادی کا سن کر والد ناراض ہوگئے تھے کیونکہ ان کا خیال تھا کہ شادی کیلئے میری عمر کم ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ والد نے ایک ہفتے تک مجھ سے بات نہیں کی اور میرے لیے یہ ایسا تھا جیسے کوئی پہاڑ گر جائے، والد نے کہا کہ تم ابھی شادی کیوں کرنا چاہتی ہو ابھی تم چھوٹی ہو، جس پر میں نے جواب دیا کہ مجھے 10 سال ہوگئے کام کرتے ہوئے کہاں سے چھوٹی ہوں، شادی کا فیصلہ میرا ہونا چاہیے۔
کاجول کا کہنا تھا کہ اجے دیوگن سے پہلی ملاقات میں ہی احساس ہوا تھا یہ وہ شخص ہے جس کا میری زندگی پر اثر ہوگا۔
کامیاب شادی شدہ زندگی سے متعلق کاجول نے مذاق کرتے ہوئے کہا کہ اجے نے میری اونچی آواز کو برداشت کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ کاش میرا میوٹ بٹن ہوتا۔
کاجول کا مزید کہنا تھا کہ رشتے نبھانے کیلئے کوشش ضروری ہے، جب تک آپ کوشش کرتے رہیں گے رشتے نبھاتے رہیں گے جس دن کوشش کرنا بند کر دیں گے آپ ناکام ہو جائیں گے، مجھے کبھی اپنے فیصلوں پر پچھتاوا نہیں ہوا۔