نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی اداکارہ نورا فتحی کا کہنا ہے کہ انہیں جیکولین فرنینڈس کے منی لانڈرنگ کیس میں پھنسا کر ان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکارہ نورا فتحی 200 کروڑ کی منی لانڈرنگ کیس میں اپنا بیان ریکارڈ کروانے پٹیالہ ہاؤس پہنچیں جہاں انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں اس کیس میں زبردستی پھنسایا گیا ہے۔
نورا نے کہا کہ ان پر منی لانڈرنگ اور سوکیش چندر شیکھر کے ساتھ تعلقات کے الزامات عائد کر کے بدنام کرنے کی کوشش کی گئی جس کی وجہ سے انہیں ذہنی اور معاشی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے جیکولین فرنینڈس اور چند میڈیا ہاؤسز پر ہتکِ عزت کا مقدمہ اس لئے کیا ہے کہ ان کے جھوٹے الزامات کی وجہ سے انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا ان کی ساکھ کو نقصان پہنچا اور انہیں ’گولڈ ڈگر‘ کہا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میرا سکیش سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی میں 200 کروڑ روپے سے متعلق کچھ جانتی ہوں‘، نورا نے کہا کہ ’کچھ لوگوں کو بچانے کی خاطر انہیں اس کیس میں قربانی کا بکرا بنایا گیا ہے‘، یہاں اداکارہ کا اشارہ جیکولین فرنینڈس کی جانب تھا۔