شاہ رخ خان کی فلم 'جوان' ریلیز، سینما گھروں کے باہر جشن کا سماں

Published On 07 September,2023 06:13 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی نئی فلم ’جوان ‘ ریلیز ہوگئی، بھارت میں سینما گھروں کے باہر جشن سماں بندھا رہا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پورے ملک میں جہاں جہاں شاہ رخ خان کی فلم ’جوان ‘ ریلیز ہوئی ہے ان سینما گھروں میں بے انتہا رش ہے اور پاؤں رکھنے کی جگہ نہیں۔ لوگ فلم کے ٹکٹ کے حصول کے لیے منہ مانگی قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں۔

سینما گھروں میں شائقین جوان کے گانوں پر شاہ رخ خان کے ساتھ رقص کرتے رہے اور اسکرین پر نوٹ نچھاور کرتے رہے، فلم جوان کا پہلا شو بھارتی وقت کے مطابق صبح 6 بجے چلایا گیا جس کے لیے غیرمعمولی رش اورجوش خروش تھا۔

شاہ رخ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں ساری رات جاگ کر فلم جوان کے لیے آپ کا پیار اور جذبات دیکھ کر خوش ہو رہا ہوں اور اپنے مداحوں کا شکر گزار ہوں۔