کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و میزبان جگن کاظم نے کہا ہے کہ افسوس ہے کہ پاکستانی ڈراموں میں آج کل پیار کی بجائے تشدد دکھایا جا رہا ہے۔
جگن کاظم نے نجی ٹی وی چینل کے مزاحیہ پروگرام میں شرکت کی، اداکارہ نے پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افسوس! ہمارے ڈراموں میں پیار کے بجائے تشدد دِکھایا جارہا ہے جس کی وجہ سے معاشرے میں بھی کہیں نہ کہیں تشدد، لڑائی جھگڑوں کو فروغ مل رہا ہے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے جگن کاظم نے کہا کہ ڈراموں کی وجہ سے اب لوگوں کو تشدد عام سی بات لگتی ہے جبکہ اگر کہیں پیار محبت کو دِکھایا جاتا ہے تو اُس پر لوگ نامناسب ردعمل دیتے ہیں۔
جگن نے شوہر کے ساتھ اپنی تصویر کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنے شوہر کو بوسہ دیتے ہوئے تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی جس پر لوگوں نے مجھے بہت گالیاں دی تھیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ لوگ پیار محبت کو دیکھنا پسند نہیں کرتے۔
اُنہوں نے اپنے بچپن کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے بچپن میں لڑکوں کی طرح بات کرتی تھیں اور اُن کی خواہش تھی کہ وہ بڑی ہوکر اداکار بنیں۔
اُنہوں نے کہا کہ جب بھی کوئی پوچھتا تھا کہ بڑی ہوکر کیا بننا ہے؟ تو میرا جواب ہوتا تھا کہ اداکار بننا ہے اور جب لوگ پوچھتے تھے کہ کونسی اداکارہ بننا ہے تو میں کہتی تھی کہ مجھے امیتابھ بچن بننا ہے۔