ماہرہ خان کے نئے سفر کا آغاز، قریبی دوست سے شادی رچا لی

Published On 02 October,2023 08:50 am

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی سپرسٹار اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے پرانے دوست اور کاروباری شخصیت سلیم کریم کے ساتھ شادی کر لی۔

ماہرہ خان کی شادی کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ماہرہ خان سفید رنگ کی لہنگا چولی میں خوبصورت دکھائی دے رہی ہیں جبکہ دلہے نے سیاہ رنگ کی شیروانی زیب تن کی ہوئی ہے۔

ویڈیو میں یہ بھی دیکھا گیا کہ خوبصورت جوڑا پہنے ماہرہ خان سٹیج کی جانب بڑھتی ہیں اور ان کے شوہر انہیں ماتھے پر بوسہ دیتے ہیں۔

 

اداکارہ کی شادی کی تقریب میں محدود تعداد میں قریبی دوست اور رشتہ دار شریک ہوئے۔

یاد رہے کہ ماہرہ خان کی پہلی شادی تقریباً 8 سال بعد 2015 میں طلاق پر ختم ہوئی تھی اور 2019 سے ان کی دوسری شادی کی افواہیں سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں تاہم انہوں نے اس کی باضابطہ تصدیق یا تردید نہیں کی تھی۔

 

تاہم اب طویل عرصے بعد ماہرہ خان کی سوشل میڈیا منیجر انوشہ طلحہ خان نے ماہرہ خان کی شادی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کر کے اداکارہ کی شادی سے متعلق خبروں کی تصدیق کر دی ہے۔

سوشل میڈیا پر اداکارہ کی شادی کی ویڈیوز وائرل ہوتے ہی مداحوں نے ان کیلئے دعاؤں اور نیک تمناؤں کا اظہار شروع کر دیا ہے۔