نامور ہدایت کار آغا حسن عسکری خالق حقیقی سے جا ملے

Published On 31 October,2023 09:51 am

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور ہدایت کار آغا حسن عسکری 78 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

ذرائع کے مطابق حسن عسکری پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا تھے اور ان کی نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی۔

حسن عسکری کا شمار انڈسٹری کے نہایت کامیاب ڈائریکٹرز میں ہوتا ہے، انہوں نے اردو اور پنجابی کی بے شمار سپرہٹ فلمیں بنائی ہیں جن میں خون پسینہ، ہیرا، جٹ دا کھڑاک، آگ، اک دوجے کیلئے، دوریاں، تلاش، میلہ، شیر دل، اچھا شوکر والا، دل کسی کا دوست نہیں، جنت کی تلاش، عبد اللہ دی گریٹ اور تیرے پیار میں سمیت متعدد فلمیں شامل ہیں۔

1975 میں ریلیز ہونے والی ان کی فلم ’وحشی جٹ‘ نے جہاں ریکارڈ ساز کامیابی حاصل کی وہیں اس فلم نے پاکستان فلم انڈسٹری کی نئی سمت بھی متعین کی۔

حسن عسکری کے انتقال پر سید نور، شہزاد رفیق، ناصر ادیب سمیت پاکستان کے نامور فلم ڈائریکٹرز نے افسوس اور گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔