لاہور: (دنیا نیوز) کامیڈی کو عروج پر پہنچانے اور خاموش رہ کر دنیا کو ہنسانے والے مزاحیہ اداکار چارلی چپلن کو مداحوں سے بچھڑے 46 برس بیت گئے، 7 دہائیوں پر محیط فنی کیریئر میں انہوں نے کئی یادگار کردار نبھائے۔
بغیر کوئی لفظ بولے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے چارلی چپلن 16 اپریل 1889ء میں پیدا ہوئے، انگلینڈ کے غریب گھرانے میں آنکھ کھولنے والے چارلی چپلن کا کام ہمیشہ لوگوں کو خوش کرنا رہا۔
انہوں نے 14 سال کی عمر سے سٹیج ایکٹر کے طور پر کام شروع کیا جبکہ سرکس میں بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے، تاہم 15 سال کی عمر میں امریکہ منتقل ہونے کے بعد چارلی چپلن کی قسمت بدل گئی۔
ٹیلی ویژن پر ان کی کامیڈی نے مزاح کو ایک عروج بخشا، بنا بولے صرف اپنی حرکتوں، چہرے کے اتار چڑھاؤ اور تاثرات سے مزاحیہ اداکاری کرکے انہوں نے لوگوں کے دلوں میں جگہ بنا لی۔
صرف 19 سال کی عمر میں چارلی چپلن دنیا کے معروف ترین چہروں میں سے ایک بن گئے تھے، 7 دہائیوں پر محیط فنی کیریئر میں انہوں نے کئی یادگار کردار نبھائے۔
’دی گریٹ ڈکٹیٹر‘ اور ’سٹی لائٹس‘ جیسی فلموں میں ان کی بے مثال اداکاری مداحوں کو آج بھی یاد ہے، چارلی چپلن اکثر کہا کرتے تھے کہ مسکرائے بنا گزارے جانے والا دن کسی کام کا نہیں۔
چارلی چپلن 25 دسمبر 1977ء کو 88 سال کی عمر میں سوئٹزرلینڈ میں انتقال کر گئے۔