لاہور: (ویب ڈیسک) معروف گلوکار و موسیقار بلال مقصود نے تین دہائیوں تک میوزک انڈسٹری پر راج کرنے والے مشہورِ زمانہ "اسٹرنگز" بینڈ کو ختم کرنے کے حقائق سے پردہ اٹھا دیا۔
حال ہی میں "اسٹرنگز" کے بانی اور گلوکار بلال مقصود نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے بینڈ کو توڑنے کے بارے میں کُھل کر بات کی۔
پوڈ کاسٹ کے دوران انہوں نے "اسٹرنگز" بینڈ کے خاتمے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میرے اور فیصل کپاڈیا کے لیے اسٹرنگز بہت اہم اور خاص تھا، ہم جانتے تھے کہ اس بینڈ نے ایک نہ ایک روز ختم ضرور ہونا ہے کیونکہ ہر عروج کو زوال ہوتا ہے اور یہی دنیا کا نظام ہے۔
بلال مقصود کا کہنا تھا کہ میں نے اور فیصل نے پہلے ہی سوچ لیا تھا کہ اسٹرنگز بینڈ کو اس کے عروج پر ہی ختم کریں گے اور ہم نے یہ فیصلہ اس بینڈ کو کامیاب بنانے کے لیے کیا تھا جبکہ لوگ ناکامی کے بعد ایسے فیصلے کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کورونا کے دوران ہم ایک بھی گانا نہیں بنا سکے اور ہم نے سوچا کہ ہم دو سال کا بریک لے لیتے ہیں لیکن پھر ہم سب نے مل کر مشورہ کیا کہ ہم اسٹرنگز بینڈ کو ختم ہی کردیتے ہیں، اس طرح ہمارا بینڈ اپنے زوال پر نہیں بلکہ عروج پر ہی ختم ہوگا۔
موسیقار کا مزید کہنا تھا کہ میرے اور فیصل کے درمیان کوئی جھگڑا نہیں ہے، ہم آج بھی اچھے دوست ہیں لیکن ہم کبھی بھی ایک ساتھ کسی پراجیکٹ میں نظر نہیں آئیں گے۔
واضح رہے کہ تین دہائیوں تک میوزک انڈسٹری پر راج کرنے والے اسٹرنگز بینڈ کو کالج کے چار دوستوں نے 1988ء میں بنایا تھا تاہم چند سال بعد ہی یہ گروپ ٹوٹ گیا اور اس کے بعد بلال مقصود اور فیصل کپاڈیا نے بینڈ کو مزید آگے لے جانے کا فیصلہ کیا تھا۔
اس بینڈ کے کامیاب 33 سال کے بعد بلال مقصود اور فیصل کپاڈیا نے 25 مارچ 2021 کو سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ ہم اسٹرنگز بینڈ کو ختم کررہے ہیں۔