فلموں اور ڈراموں میں کام کرنیوالےچائلڈ آرٹسٹس کیلئے نئے قوانین تیار

Published On 29 December,2023 07:31 pm

کراچی: (ویب ڈیسک) ڈراموں اور فلموں میں کام کرنے والے بچوں کے لیے 2 نئے قوانین تیار کر لیے گئے۔

سندھ کی وزارت ثقافت نے چلڈرن ڈرامہ انڈسٹری آرڈینیس اور سندھ ایکٹر رائیلٹی آرڈیننس کے نام سے 2 نئے قوانین تیار کیے ہیں۔

صوبائی وزیر ثقافت جنید علی شاہ کا کہنا ہے کہ ڈرامہ انڈسٹری آرڈیننس کے تحت بچوں کے کام کے اوقات طے کیے جائیں گے، ڈراموں اور فلموں میں کام کرنے والے بچوں کو سکول کے اوقات میں کام پر نہیں بلایا جائے گا اور رات دیر تک شوٹنگ اور ریکارڈنگ کے لیے نہیں روکا جائے گا۔

وزیر ثقافت کا مزید کہنا تھا کہ بچوں کو اسکول کے اوقات اور رات دیر تک شوٹ پر بلانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، خواہش ہے کہ آرٹسٹ بچے اپنے کام کے ساتھ ساتھ تعلیم جاری رکھیں۔ چلڈرن ڈرامہ انڈسٹری آرڈیننس کی خلاف ورزی پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور پولیس کارروائی کرے گی۔