صبور علی بھی شدید بارش کی وجہ سے کراچی کی سڑکوں پر پھنس گئیں

Published On 04 February,2024 11:54 am

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صبور علی بھی کراچی میں ہونے والی شدید بارش کی وجہ سے سڑک پر پھنسی رہیں جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

گزشتہ رات کم و بیش ایک گھنٹے کی بارش کے بعد شہر قائد دریا کا منظر پیش کرنے لگا، سیوریج سسٹم ناکارہ ہونے کی وجہ سے شہر کی تمام چھوٹی بڑی شاہراہوں پر میلوں دور تک ٹریفک جام رہا اور شہری رات گئے تک سڑکوں پر پھنسے رہے۔

انہی شہریوں میں اداکارہ صبور علی بھی شامل تھیں جو شدید بارش کی وجہ سے تقریباً 2 گھنٹے تک کراچی کی سڑکوں پر پھنسی رہیں۔

اس حوالے سے صبور علی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ کی سٹوری میں ایک ویڈیو شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اُن کی گاڑی کراچی کی سڑک پر پھنسی ہوئی ہے، ویڈیو میں نظر آنے والی سڑک بارش کی وجہ سے دریا کا منظر پیش کر رہی ہے۔

اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں کہا کہ ’’میں تقریباً ڈھائی گھنٹے تک سڑک پر پھنسے رہنے کے بعد گھر پہنچ گئی ہوں‘‘۔