لاہور: (ویب ڈیسک) نامور پاکستانی اداکارہ صاحبہ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے کبھی اپنے والد کو نہیں دیکھا ہے اور نہ ہی انہیں جانتی ہیں۔
سوشل میڈیا پر اداکارہ کے ایک انٹرویو کا کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں اُنہوں نے اپنے سگے اور سوتیلے والد کے حوالے سے حیران کُن انکشافات کئے تھے۔
صاحبہ کا کہنا تھا کہ میری پیدائش سے پہلے ہی میرے والد اور والدہ کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی اس لیے میں نے کبھی اپنے سگے والد کو نہیں دیکھا اور نہ ہی کبھی اُن سے ملاقات ہوئی، میری پیدائش کے بعد بھی والد نے کبھی مجھ سے ملنے کی کوشش نہیں کی، اسی وجہ سے میرے دل میں کبھی اُن کیلئے باپ والے جذبات نہیں آئے۔
اداکارہ نے بتایا کہ میں جب 10 سال کی تھی تو میری والدہ نے دوسری شادی کر لی اور میرے سوتیلے والد نے مجھے اپنی آخری سانس تک پیار دیا، اُنہوں نے سگے باپ سے بڑھ کر مجھے محبت دی، انہوں نے کبھی محسوس ہی نہیں ہونے دیا کہ میں ان کی سوتیلی بیٹی ہوں۔
صاحبہ کا مزید کہنا تھا کہ میرے سوتیلے والد پیشے کے اعتبار سے پائلٹ اور زمیندار تھے، 5 سال قبل ہی اُن کا انتقال ہوا ہے۔