اداکارہ آمنہ شیخ کی طویل عرصے بعد سوشل میڈیا پر واپسی

Published On 04 February,2024 07:07 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) معروف پاکستانی اداکارہ و ماڈل آمنہ شیخ طویل عرصے تک سوشل میڈیا سے غائب رہنے کے بعد بالآخر منظرِ عام پر آگئیں۔

رپورٹ کے مطابق میں عبدالقادر ہوں، میرا سائیں، جیکسن ہائٹس اورمیرات العروس جیسے ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والی آمنہ شیخ اپنے بیٹے کی پیدائش کے بعد سے سوشل میڈیا سے غائب تھیں۔

آمنہ شیخ نے سال 2021 میں اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر آخری پوسٹ کی تھی جس کے بعد اب نئی پوسٹ کے ساتھ اداکارہ کی سوشل میڈیا پر واپسی ہوئی ہے۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ اپنے گھر کے لان میں اپنی فیملی کے ساتھ خوشگوار لمحات گزار رہی ہیں اور ساتھ ہی ویڈیو میں اُنہیں پیانو بجاتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

انہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ کے پیغامات پڑھ کر میری آنکھیں نم ہوگئیں، آپ کی بےانتہا محبت کے لیے بہت شکریہ۔

آخر میں اُنہوں نے دُعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کرے یہ سال ہم سب کے لیے بہترین ثابت ہو، آمین، یاد رہے کہ آمنہ شیخ نے اداکار محب مرزا کے ساتھ 2005 میں شادی کی تھی دونوں کی ایک بیٹی ہےاورمحب مرزانےسال 2019 میں آمنہ شیخ سے اپنی طلاق کی تصدیق کی تھی۔