سوشل میڈیا پر ایکشن سے بھرپور ویب سیریز ’ہیرا منڈی‘ کے ٹریلر کی دھوم

Published On 11 April,2024 08:57 am

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی فلم انڈسٹری کے نامور فلمساز سنجے لیلا بھنسالی کی ایکشن اور ڈرامے سے بھرپور ویب سیریز ’ہیرا منڈی‘ کے ٹریلر نے ہر طرف دھوم مچا دی۔

نیٹ فلکس کیلئے بھنسالی کی بنائی گئی ڈیبیو ویب سیریز یکم مئی کو ریلیز کی جائے گی اور مداح اس کا بے تابی سے انتظار کررہے ہیں۔

ٹریلر میں تقسیم برصغیر سے قبل زمانے کی منظر کشی کی گئی ہے جس میں طوائفوں کا ایک کوٹھا آزادی کی جنگ میں شامل ہو جاتا ہے۔

سنجے لیلا بھنسالی کے مطابق ’ہیرا منڈی‘ محبت، طاقت، آزادی اور ایسی خواتین کی کہانی ہے جو اپنی خواہشات اور جدوجہد کیلئے منفرد کردار میں نظر آتی ہیں۔

ویب سیریز کے ٹریلر میں آزادی سے پہلے درباریوں کی زندگیوں میں محبت اور دھوکہ دہی کی کہانی کو شاندار انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

’ہیرا منڈی‘ کی کہانی کو 1940 کے دور میں دکھایا گیا ہے اور اس میں دربار والوں اور طوائفوں کے درمیان تعلقات پر کہانی کی بنیاد رکھی گئی ہے۔

یاد رہے کہ ویب سیریز کی میگا کاسٹ میں معروف اداکارہ سوناکشی سنہا، منیشا کوئرالہ، ادیتیہ راؤ حیدری، رچا چڈا اور سنجیدا شیخ شامل ہیں۔