بھارتی اداکارہ راکھی ساونت کی رسولی کی کامیاب سرجری

Published On 19 May,2024 07:15 pm

ممبئی: (دنیا نیوز) بھارت میں اپنے متنازع بیانات کی وجہ سے خبروں کی زینت بنی رہنے والی اداکارہ راکھی ساونت کی رسولی کی سرجری کامیاب رہی۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ گزشتہ روز راکھی ساونت کی سرجری کی گئی اور ان کے رحم سے 10 سینٹی میٹر کی رسولی نکالی گئی۔

اس حوالے سے راکھی کے سابق شوہر رتیش سنگھ نے راکھی کو ٹیگ کرتے ہوئے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی، یہ ویڈیو آپریشن تھیٹر میں جانے سے قبل کی ہے جس میں راکھی ساونت کو آپریشن تھیٹر میں لے کر جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

رتیش سنگھ نے ویڈیو کے کیپشن میں دعاؤں کی درخواست کی جس پر راکھی کے مداحوں کی جانب سے اداکارہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔

اس کے علاوہ راکھی ساونت کی انسٹاگرام سٹوری پر رتیش کی ایک ویڈیو لگی ہے جس میں وہ راکھی کی طبعیت میں بہتری آنے کے حوالے سے آگاہ کر رہے ہیں۔