لاہور: (ویب ڈیسک) معروف پاکستانی اداکارہ مریم نفیس نے کہا ہے کہ گارڈن ٹاؤن میں ٹک شاپ پر لڑکیوں کو ہراساں کیا گیا جس پر انہوں نے لڑکے کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
گزشتہ دنوں صوبائی دارالحکومت کے علاقے گارڈن ٹاؤن میں ٹک شاپ پر ایک واقعہ پیش آیا جس کی منظر عام پرآنے والی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ چند لڑکیاں ٹک شاپ پر کام کرنیوالے لڑکے کو تشدد کا نشانہ بنارہی ہیں۔
ویڈیو میں یہ بھی دیکھا گیا کہ لڑکے پر تشدد کے دوران ایک بزرگ گاہک نے لڑکیوں کو منع کیا تو انہوں نے اسے بھی برا بھلا کہا۔
اس معاملے پر اب معروف پاکستانی اداکارہ مریم نفیس نے اپنے انسٹاگرام پر سٹوری شیئر کی اور واقعے سے متعلق تفصیل بتائی۔
اپنے ویڈیو پیغام میں مریم نفیس کا کہنا تھا کہ "سب سوچ رہے ہیں کہ ان لڑکیوں نے اس لڑکے کو ایسے ہی مارنا شروع کردیا، میں ان لڑکیوں کو بہت اچھےسے جانتی ہوں اور ان میں سے ایک میری بہت اچھی دوست ہے"۔
مریم نفیس نے کہا کہ "میں نے پہلے کچھ اس لیے نہیں کہا کہ مجھے لگا لوگ کہانی کا دوسرا رُخ بھی دیکھیں گے لیکن ایسا نہیں ہوا"۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ"ان لڑکیوں کو ریپ اور قتل کی دھمکیاں دی جارہی ہیں اسی لیے میں نے سوچا کہ مجھے اس پر بات کرنی چاہیے"۔
اداکارہ نے دعویٰ کیاکہ "لڑکیاں رات کے وقت وہاں چائے پینے اور کچھ چیزیں خریدنے گئیں تو انہیں بولڈ لباس میں دیکھ کر مذکورہ لڑکے نے ان کی جسامت اور کردار پر باتیں کرنا شروع کیں"۔
ان کا کہنا تھا کہ" لڑکیوں نے پہلے لڑکے کو خاموش ہونے کا کہا لیکن باز نہ آنے پر انہوں نے آخری آپشن کے طور پر لڑکے کو مارنا شروع کیا، جس کے بعد لوگوں نے معاملے کو غلط رنگ دیا"۔
مریم نفیس نے کہا کہ"سٹور ملازم لڑکے کو لڑٓکیوں نے ہراساں کرنے پر مارا، کیوں کہ لڑکا مسلسل ان کی جسامت، ان کے کردار، کپڑوں اور اعضا پر فقرے کستا رہا"۔