بھارتی اداکار سیف علی خان پر چاقو حملہ کیس کا ملزم گرفتار

Published On 18 January,2025 07:17 pm

ممبئی: (دنیا نیوز) بالی ووڈ اداکار سیف علی خان پر چاقو حملہ کیس کا ملزم گرفتار کر لیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی پولیس کی جانب سے ملزم کو ٹریس کیا جا رہا تھا اور ملزم کو چلتی ٹرین سے حراست میں لے لیا گیا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت 31 سالہ آکاش کنوجیا کے نام سے ہوئی ہے اور اسے چھتیس گڑھ سے ٹرین میں سفر کے دوران پکڑا گیا۔

بھارتی ریلوے پروٹیکشن فورس نے ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم ممبئی سے مغربی بنگال کے شہر ہاوڑہ کی جانب ٹرین میں سفر کر رہا تھا۔

حکام نے بتایاکہ ممبئی پولیس نے ملزم کی تصویر بھیجی تھی جس پر ٹرین کو چیک کیا گیا تو ملزم موجود تھا، ان کا کہنا تھاکہ ویڈیو کال کے ذریعے بھی ممبئی پولیس نے ملزم کیتصدیق کی جس پر اسے ٹرین سے اتار کر حراست میں لیا ہے اور ممبئی پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔

بھارتی ریلوے پروٹیکشن فورس کے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم ممبئی کا رہنے والا ہے، مبینہ ملزم کی تصویر بھی بھارتی میڈیا نے جاری کر دی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی بھارتی میڈیا کی جانب سے کیس میں ملزم کی گرفتاری کا دعویٰ کیا گیا تھا تاہم پولیس نے تردید کی تھی اور بتایا تھا کہ گرفتار ملزم کا تعلق سیف خان پر حملہ کیس سے نہیں ہے۔

سیف علی خان پر حملہ کیس میں 30 سے زائد ممبئی پولیس کی ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔