کلکتہ :(ویب ڈیسک ) بھارتی شہرکلکتہ میں گزشتہ سال 31 سالہ ٹرینی ڈاکٹر کے ساتھ زیادتی اور وحشیانہ قتل کے الزام میں گرفتار ملزم کو عدالت نے مجرم قرار دے دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت نے سابق پولیس رضاکار سنجے رائےکو کیس میں مجرم قرار دیا۔
عدالت نے فیصلے میں کہا ہےکہ پیش کیےگئے ثبوتوں سے سنجے رائے پر الزام ثابت ہوتا ہے، مجرم کو 20 جنوری پیر کو عمر قید یا موت کی سزا سنائی جائےگی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ مجرم نے عدالت میں جرم سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بےگناہ ہے اور اسے مقدمے میں پھنسایا گیا ہے۔
مقتولہ ڈاکٹر کی والدہ نے عدالتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئےکہا ہےکہ مجرم اکیلا نہیں تھا بلکہ اس کے ساتھ اور لوگ بھی تھے، ہمیں انتظار ہے کہ باقی لوگ بھی گرفتار ہوں گے اور انہیں بھی سزا ملےگی۔
مقتولہ کی والدہ کا مزید کہنا تھا کہ سنجے کو بائیولوجیکل ثبوتوں کی بنیاد پر سزا سنائی گئی ہے اور دوران سماعت وہ خاموش ہی رہا جو ظاہر کرتا ہےکہ وہ اس جرم میں ملوث ہے تاہم وہ اکیلا نہیں تھا، اس لیے انصاف ابھی مکمل نہیں ہوا، ہم اس کے لیے مزید لڑائی جاری رکھیں گے۔
خیال رہےکہ 31 سالہ ٹرینی ڈاکٹر کی لاش 9 اگست 2024 کو کلکتہ کے سرکاری میڈیکل کالج کی کلاس سے ملی تھی، پوسٹ مارٹم میں خاتون سے زیادتی کی تصدیق ہوئی تھی۔