لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ نوال سعید نے بالی ووڈ میں منوج باجپائی کیساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔
حال ہی میں نوال سعید نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔
دورانِ انٹرویو اداکارہ سے پڑوسی ملک بھارت میں ملنے والی مقبولیت، دونوں ممالک کے درمیان کام کے حوالے سے عائد پابندیاں اور پسندیدہ اداکار کے بارے میں سوالات کیے گئے۔
نوال سعید نے میزبان کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے حیرانگی کا اظہار کیا اور کہا کہ مجھے حیرانی ہوتی ہے کیونکہ میری زیادہ تر فالوونگ بھارت سے ہے اور مجھے معلوم نہیں کہ وہاں کیسے مشہور ہوئی۔
ان کا کہنا ہے کہ وہاں ہمارے ڈرامے پسند کیے جاتے ہیں جس طرح بھارتی فلمیں یہاں دیکھی جاتی ہیں پاکستانی ڈرامے بھارت میں مقبول ہیں تو ہو سکتا ہے انہوں نے میرا کوئی ڈرامہ دیکھا ہو یا پھر کوئی میم وائرل ہوا تھا جس کی وجہ سے وہاں کے لوگ مجھے جاننے لگے۔
اداکارہ نے بتایا کہ مجھے سلمان خان پسند ہیں لیکن اگر بھارت میں کام کرنے کا موقع ملا تو منوج باجپائی کے ساتھ کام کرنا چاہوں گی کیونکہ مجھے ان کی اداکاری بہت پسند ہے۔