عہد ساز انقلابی شاعر فیض احمد فیض کا 114واں یومِ پیدائش منایا گیا

Published On 13 February,2025 09:58 am

لاہور: (دنیا نیوز) عہد ساز انقلابی شاعر فیض احمد فیض کا 114 واں یومِ پیدائش منایا گیا۔

انسانی حقوق کے علمبردار اور اُردو کے عہد ساز شاعر فیض احمد فیض 13 فروری 1911ء کو نارووال میں پیدا ہوئے، انہوں نے اپنی شاعری سے ظلم، بے انصافی اور جبر و استبداد کیخلاف ساری زندگی جدوجہد کی، کئی بار قید ہوئے اور جلا وطنی بھی کاٹی لیکن حق گوئی ترک نہ کی۔

فیض احمد فیض نے انقلابی فکر اورعاشقانہ لہجے کو ایسا آمیز کیا کہ اردو شاعری میں نئی جمالیاتی شان پیدا ہوگئی۔

عہد ساز انقلابی شاعر فیض احمد فیض کی فلم انڈسٹری کیلئے خدمات بھی ناقابل فراموش ہیں، ان کا کلام محمد رفیع، ملکہ ترنم نور جہاں، مہدی حسن، آشا بھوسلے اور جگجیت جیسے نامور گلوکاروں کی آوازوں میں ریکارڈ کیا گیا، انہوں نے درجنوں فلموں کیلئے غزلیں، گیت اورمکالمے بھی لکھے۔

انہوں نے اپنی شاعری کے ذریعے اردو زبان کو بین الاقوامی سطح پر سربلند کیا، انہیں علمی و ادبی خدمات پر متعدد عالمی اور قومی اعزازات سے نوازا گیا، فیض واحد ایشیائی شاعر تھے جنہیں لینن پیس ایوارڈ ملا۔

فیض احمد فیض نے ثابت کیا کہ حق گوئی کسی ایک کے لئے نہیں بلکہ ہر خطے اور زمانے کیلئے ہوتی ہے۔