ممبئی: (ویب ڈیسک) کاسٹنگ کاؤچ کا شکار ہونے والی بھارتی تامل اداکارہ شروتی نارائنن کا مؤقف سامنے آگیا۔
تامل اداکارہ شروتی نارائنن نے نے فلم انڈسٹری میں کاسٹنگ کاؤچ سے متعلق مبینہ ویڈیو کو مزید شیئر نہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے اس صورتحال کو اپنے اور اپنے خاندان کے لئے انتہائی مشکل قرار دیدیا۔
شروتی نے انسٹاگرام پر ایک سٹوری شیئر کرتے ہوئے لکھا آپ لوگوں کے لئے میرے بارے میں یہ تمام مواد پھیلانا صرف ایک مذاق اور تفریح کا ذریعہ ہے لیکن میرے اور میرے قریبی لوگوں کے لئے یہ ایک بہت ہی مشکل صورتحال ہے۔
تامل اداکارہ نے لکھا کہ خاص طور پر میرے لئے یہ انتہائی مشکل وقت ہے اور اس صورتحال کو سنبھالنا مشکل ہورہا ہے، میں بھی ایک لڑکی ہوں، میرے بھی جذبات ہیں اور میرے قریبی لوگوں کے بھی جذبات ہیں، آپ لوگ اس صورتحال کو بد سے بدتر بنا رہے ہیں۔
شروتی نے اپنی پوسٹ کا اختتام ان الفاظ پر کیا ’’میں آپ سب سے التجا کرتی ہوں کہ ہر چیز کو جنگل کی آگ کی طرح نہ پھیلائیں‘‘۔
واضح رہے کہ شروتی نارائنن کی مبینہ لیک ویڈیو ایک پرائیویٹ آڈیشن کے دوران لی گئی تھی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد فلم انڈسٹری میں استحصال پر بحث کا باعث بنی ہے۔