’سکندر‘ کی ناکامی، سلمان خان نے 37 سالہ کیرئیر کا بدترین ریکارڈ اپنے نام کرلیا

Published On 02 April,2025 08:19 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ سپر سٹار سلمان خان کی رواں سال عید پر ریلیز ہونے والی فلم ’سکندر‘ باکس آفس پر کوئی کمال نہ کرسکی۔

سلمان خان کی رواں سال عید پر فلم ’سکندر‘ ریلیز ہوئی اور اداکار کے سابقہ ریکارڈ کے مطابق فلم باکس آفس پر بڑی کمائی نہیں کرسکی، رپورٹس کے مطابق سلمان خان کی فلم نے 3 دن میں باکس آفس پر تقریباً 75 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ریلیز کے پہلے روز 26 کروڑ، دوسرے روز 29 کروڑ اور تیسرے روز 19 کروڑ 50 لاکھ بھارتی روپے کا بزنس کیا جو کہ مجموعی طور پر 74 کروڑ بھارتی روپے سے زائد بنتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ریلیز کے تیسرے روز بھارت بھر میں سکندر کی کمائی میں 32 فیصد سے زائد کی کمی دیکھی گئی جس کے بعد کئی سنیما گھروں سے فلم ہٹائی جا رہی ہے۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سلمان خان کے 37 سالہ کیرئیر میں پہلی بار ایسا ہو رہا ہے کہ ریلیز کے تیسرے دن ہی ان کی فلم سنیما گھروں سے نقصان کے باعث ہٹائی جا رہی ہو۔

بھارت کے کئی شہروں میں سنیما مالکان نے سکندر کے ٹکٹس فروخت نہ ہونے پر مقامی ملیالم انڈسٹری کی فلم ’ایل 2: امپوران‘ کے شوز رکھ لیے ہیں۔

لیجنڈری اداکار موہن لعل کی یہ فلم 27 مارچ کو ریلیز کی گئی اور یہ باکس آفس پر 250 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا بزنس کرچکی ہے۔

دوسری جانب فلم کے پروڈیوسر ساجد ناڈیاڈوالا کی جانب سے بھی فلم کی باکس آفس پر کمائی کے اعدادو شمار جاری کیے جا رہے ہیں جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سکندر 3 دن میں بھارت سے 102 کروڑ بھارتی روپے، دنیا بھر میں 39 کروڑ بھارتی روپے یعنی مجموعی طور پر 141 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا بزنس کرچکی ہے تاہم ان اعداد وشمار کی فلم انڈسٹری کے آزاد ٹریڈ ماہرین سے تصدیق نہیں ہوسکی۔