لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کے نامور کامیڈی کنگ منور ظریف کو دنیا سے رخصت ہوئے 49 برس بیت گئے۔
کامیڈی کنگ منور ظریف گوجرانوالا میں پیدا ہوئے، وہ معروف کامیڈین ظریف کے بھائی تھے، منور ظریف نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز پنجابی فلم ”ہتھ جوڑی“ سے کیا، اس فلم نے کامیابی کے جھنڈے گاڑے اور منور ظریف کو شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔
انہوں نے اپنے 16 سالہ فلمی کیریئر میں 300 سے زائد فلموں میں بطور اداکار، صدا کار اور کامیڈین کے کردار ادا کر کے پاکستانی فلمی تاریخ میں انمٹ نقوش رقم کئے جو کہ رہتی دنیا تک کیلئے ناقابل فراموش ہیں۔
منور ظریف نے ایک اداکار، کامیڈین اور ہیرو کے ساتھ ساتھ بطور فلمی ڈانسر کے لاجواب کارکردگی کا مظاہرہ کیا، مزاحیہ اداکاری میں ان کا کوئی ثانی نہیں تھا، خصوصاً فلم میں نسوانی روپ دھارنے میں انہیں ملکہ حاصل تھا۔
اداکار منور ظریف صرف 36 سال کی عمر میں 29 اپریل 1976ء کو لاہور میں انتقال کر گئے۔