ڈزنی کا ابو ظہبی میں تھیم پارک کے قیام کا اعلان

Published On 10 May,2025 11:06 pm

ابو ظہبی: (ویب ڈیسک) معروف انٹرٹینمنٹ کمپنی والٹ ڈزنی نے ابو ظہبی میں اپنے پہلے تھیم پارک "ڈزنی لینڈ ابو ظہبی" کے قیام کا اعلان کر دیا ہے،

یہ نیا ریزورٹ یاس آئی لینڈ پر مقامی کمپنی میرال کے اشتراک سے تعمیر کیا جائے گا، جہاں پہلے ہی فراری ورلڈ، سی ورلڈ اور وارنر برادرز ورلڈ جیسے مشہور تفریحی مقامات موجود ہیں۔

ڈزنی کے سی ای او رابرٹ ایگر نے کہا "ڈزنی لینڈ ابو ظہبی ایک ایسا مقام ہوگا جہاں ڈزنی کی جادوئی دنیا اور اماراتی ثقافت کا حسین امتزاج پیش کیا جائے گا"،تھیم پارک مشرق وسطیٰ، افریقہ، بھارت اور ایشیا سے آنے والے سیاحوں کے لیے تفریح کا نیا مرکز ہوگا۔

یہ پارک دنیا میں ڈزنی کا ساتواں تھیم پارک ہوگا، اس سے قبل ڈزنی لینڈ امریکہ، ٹوکیو، پیرس، ہانگ کانگ، شنگھائی اور فلوریڈا میں موجود ہیں۔

ڈزنی کا کہنا ہے کہ ابو ظہبی کا انتخاب اس لیے کیا گیا تاکہ خطے کے لاکھوں افراد کے لیے ڈزنی کا تجربہ آسان، سستا اور قریبی بنایا جا سکے۔