کراچی: (ویب ڈیسک) بینک فراڈ کیس میں اداکارہ نادیہ حسین اور عاطف خان کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں 53 کروڑ روپے کے بینک فراڈ کے مقدمے کی سماعت کی جہاں اداکارہ نادیہ حسین، فیصل اور امتیاز عدالت میں پیش ہوئے اور تینوں ملزم عبوری ضمانت پر ہیں۔
عدالت نے نادیہ حسین کے شوہر عاطف خان کی درخواست ضمانت اور اداکارہ نادیہ حسین کی عبوری ضمانت کی توثیق کی، درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا اور عدالت نے ریمارکس دیئے کہ دونوں ملزموں کی درخواستوں پر فیصلہ جلد سنایا جائے گا۔
ملزم امتیاز کے وکیل نے سماعت کے دوران اپنے دلائل میں کہا کہ یہ مقدمہ بدنیتی کی بنیاد پر بنایا گیا ہے، ملزم امتیاز پر جعلی چیک جاری کرنے کا الزام جھوٹا ہے جو چیک آئے یا جاری کئے اسکی انٹریاں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امتیاز نے ای میلز بھی کیں اور تمام ریکارڈ بھی فراہم کردیا تاہم عدالت نے ملزم فیصل اور امتیاز کی درخواست ضمانت کی سماعت ملتوی کردی۔