بھارت میں شاہینوں کے آپریشن پر فلم کا مطالبہ، ایئر وائس مارشل کے کردار کیلئے نام سامنے آگئے

Published On 15 May,2025 05:40 am

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان فلم انڈسٹری کے مشہور ڈائریکٹر نبیل قریشی سے مداحوں نے بھارت کے خلاف پاک فوج کی جانب سے کئے گئے کامیاب آپریشن ’بنیان مرصوص‘ پر فلم بنانے کی اپیل کر دی۔

سوشل میڈیا پر ان دنوں بھارتی جارحیت اور مودی حکومت کے جنگی جنون کے خاتمے کیلئے پاکستانی فوج کی جانب سے شروع کئے گئے آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کے چرچے ہیں، حتیٰ کہ اب سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ڈائریکٹر نبیل قریشی سے اس آپریشن پر فلم بنانے اور ائیر وائس مارشل اورنگزیب احمد کے کردار کو مرکزی حیثیت دیے جانے کا مطالبہ بھی سامنے آگیا ہے۔

نبیل قریشی سے ایکس پر ایک صارف کی جانب سے آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کے حقیقی واقعات پر مبنی فلم بنانے کا مطالبہ کیا گیا، ٹوئٹ میں تجویز دی گئی کہ پاکستانی اداکار فواد خان کو ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد کا کردار دیا جائے کیونکہ دونوں میں کافی مشابہت ہے۔

اس ٹوئٹ کا سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے نبیل قریشی نے بھی فلم بنانے کے ارادے کا اظہار کیا اور اسے اپنے لیے اعزاز قرار دیا، بعد ازاں ایک صارف نے نبیل قریشی کو مشورہ دیا کہ چونکہ فوادخان بھارتی انڈسٹری کا حصہ رہ چکے ہیں لہٰذا وہ ائیر مارشل اورنگزیب احمد کے کردار کیلئے صحیح انتخاب نہیں، اس کے برعکس پاکستان انڈسٹری سے مخلص اداکاروں کو اس فلم کا حصہ بنایا جائے۔

سوشل میڈیا پر جاری بحث کے دوران مختلف سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانب سے مختلف اداکاروں کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے ائیر مارشل اورنگزیب احمد کے کردار کیلئے رائے بھی طلب کی جا رہی ہے، شیئر کی گئی تصاویر میں ہمایوں سعید، وہاج، فہد مصطفیٰ اور حمزہ عباسی جیسی شخصیات کو شامل کیا گیا ہے۔