نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں پاکستان کے لیے جاسوسی کے الزام میں معروف بھارتی ولاگر جیوتی ملہوترا کو گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ یوٹیوب پر ’ٹریول ود جو‘ کے نام سے چینل چلانے والی جیوتی ملہوترا عرف کو ہریانہ کے حصار سے بھارتی معلومات پاکستان کے ساتھ شیئر کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ دیگر 5 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، جن میں ایک 25 سالہ طالب علم اور 24 سالہ سیکیورٹی گارڈ شامل ہے، جن کا تعلق پنجاب اور ہریانہ سے ہے۔
حکام نے بتایا کہ خود کو ’پرانے خیالوں کی ماڈرن لڑکی کے طور پر بتانے والی 33 سالہ یوٹیوبر نے پاکستان میں کم از کم 2 بار سفر کیا، مزید کہنا تھا کہ جیوتی ملہوترا پر ایک پاکستانی شہری کے ساتھ رابطے رکھنے اور حساس معلومات شیئر کرنے کا الزام ہے۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق یوٹیوب پر ان کے 3.5 لاکھ جبکہ انسٹاگرام پر ایک لاکھ سے زیادہ فالوورز ہیں، اور ان کے انسٹاگرام اور یوٹیوب چینل پر پاکستان کے سفر کی ویڈیوز بھی موجود ہیں۔