’’منڈی میں مرغی بھی لاکھ کی‘‘ نعمان اعجاز کا قربانی کے جانوروں کی قیمتوں پر طنز

Published On 26 May,2025 03:32 am

لاہور: (ویب ڈیسک) معروف اداکار نعمان اعجاز عیدالاضحیٰ پر جانوروں کی آسمان کو چھوتی قیمتیں جان کر حیران اور پریشان رہ گئے۔

عید الاضحیٰ کی آمد آمد ہے اور قربانی کے جانوروں کی منڈیاں جگہ جگہ لگ چکی ہیں جہاں ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد خریداری کے لئے آرہے ہیں۔

ان منڈیوں میں ہر سال قربانی کے جانوروں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوتا جا رہا ہے، جس پر شہریوں نے پریشانی کا اظہار کیا ہے۔

اداکار نعمان اعجاز بھی قربانی کے جانور کی خریداری کے لیے منڈی گئے تھے جہاں وہ قربانی کے جانوروں کی قیمتیں سُن کر دنگ رہ گئے، جس کا اظہار نعمان اعجاز نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ پر کیا ہے، انہوں نے ایک مرغی کی تصویر طنزیہ کیپشن کے ساتھ شیئر کی ہے۔

نعمان اعجاز نے لکھا کہ ’’ان دنوں مویشی منڈیوں میں مرغی بھی فروخت کے لیے کھڑی کردو تو بیوپاری اس کے بھی ایک لاکھ روپے مانگیں گے‘‘، جس پر نعمان اعجاز کے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین نے بھی اداکار کی بات کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے اپنے تجربات شیئر کیے۔

سوشل میڈیا صارفین نے حکومت پر زور دیا کہ وہ قربانی کے جانوروں کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ متوسط طبقہ بھی اس فرض کو ادا کرسکے۔