لاہور: (دنیا نیوز) چہروں پر ہنسی بکھیرنے والے منفرد اور مزاحیہ اداکار رنگیلا کو مداحوں سے بچھڑے 20 برس بیت گئے۔
لیجنڈ اداکار محمد سعید خان عرف رنگیلا نے 400 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، جو کردار ملا اسے بخوبی نبھایا، رنگیلا نے بطور ہدایت کار، فلم ساز اور گلوکار بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، رنگیلا کا ذکر کئے بغیر پاکستان فلم انڈسٹری کی تاریخ ہمیشہ ادھوری رہے گی۔
رنگیلا یکم جنوری 1937ء کو کرم ایجنسی کے ایک غریب گھرانے میں پیدا ہوئے، ان کا جنم ایسے وقت میں ہوا جب فلمی سکرین پر سنجیدگی کا غلبہ تھا، مگر رنگیلا نے اپنے فن سے ان سنجیدہ لمحات کو رنگوں، قہقہوں اور لطافت سے اجال دیا۔
ایک پینٹر کی حیثیت سے فلمی پوسٹر بنانے سے اپنے فنی سفر کا آغاز کرنے والے رنگیلا قسمت کے دھارے میں بہتے بہتے سکرین کے شہزادے بن گئے، انہوں نے چار دہائیوں پر محیط کیریئر میں یادگار کردار نبھائے۔
اپنے وقت کے ممتاز فنکاروں کے ساتھ رنگیلا نے کام کیا، تاہم منور ظریف کے ساتھ ان کی مزاحیہ جوڑی کو بے پناہ شہرت ملی، رنگیلا نے صرف اداکاری تک خود کو محدود نہیں رکھا بلکہ وہ ہدایتکار، مصنف اور پروڈیوسر کے طور پر بھی اپنے فن کا لوہا منوا چکے ہیں۔
حکومت پاکستان نے ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں انہیں صدارتی ایوارڈ سمیت کئی اعلیٰ اعزازات سے نوازا، رنگیلا 2005 میں 68 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔