کراچی: (ویب ڈیسک) رومانٹک کامیڈی فلم ’لو گُرُو‘ کے ہیرو اداکار ہمایوں سعید نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ناصرف فلم میں بلکہ اصل زندگی میں بھی ’لوگُرُو‘ ہیں اور اکثر لوگوں کو عشق و محبت کے حوالے سے مشورے دیتے رہتے ہیں۔
فلم کی پروموشن کے سلسلے میں ماہرہ خان اور ہمایوں سعید نے نجی ٹی وی کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے میزبان کے ساتھ مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔
میزبان نے سوال کیا کہ آپ دونوں دس سال بعد ایک ساتھ کام کر رہے ہیں تو کیا اس دوران آپ کے درمیان کوئی مسئلہ تھا؟ اس پر ہمایوں سعید نے وضاحت دی کہ گزشتہ دہائی میں انہوں نے کئی مرتبہ ماہرہ خان کو فلموں میں کام کرنے کی پیش کش کی لیکن وہ ہر بار انکار کرتی رہیں۔
ہمایوں سعید نے انکشاف کیا کہ انہوں نے ماہرہ خان کو ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘، ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ اور ’لندن نہیں جاؤں گا‘ جیسی فلموں میں کام کرنے کی آفر دی تھی، مگر ماہرہ نے ہر بار انکار کیا۔
ماہرہ خان نے ان کی بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ واقعی انہوں نے ان فلموں میں کام کرنے سے انکار کیا، کیونکہ انہیں مصالحہ دار اور کامیڈی فلموں میں کام کرنا پسند نہیں۔
پاکستان میں فلمیں کم کیوں بنتی ہیں؟ اس سوال کے جواب میں ہمایوں سعید نے کہا کہ فلم بنانا ایک بڑا پروجیکٹ ہوتا ہے، جس کے لیے بھاری سرمایہ درکار ہوتا ہے، فلم میکرز عموماً یہی سوچتے ہیں کہ وہ فلم تب بنائیں گے جب کسی اور کی فلم اچھی چلے گی اور یہی رویہ فلم سازی کو محدود کرتا ہے۔
پروگرام کے دوران اس سوال پر کہ ہمایوں سعید کے خیال میں ’لو گُرُو‘ کون ہوتا ہے؟ جس پر اداکار نے کہا کہ ’لو گُرُو‘ ایک عام آدمی نہیں ہوتا، وہ لوگوں کو بتاتا ہے کہ محبت کیسے اور کب کرنی ہے یہی تصور فلم میں بھی دکھایا گیا ہے، ہمایوں سعید نے اعتراف کیا کہ وہ حقیقی زندگی میں بھی ’لو گُرُو‘ ہیں اور اگر کوئی محبت میں پھنس جائے تو وہ اسے مشورے دیتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ محبت کسی بھی عمر میں ہو سکتی ہے اور کئی بار ہو سکتی ہے، لیکن ایک وقت میں صرف ایک سے محبت ہونی چاہیے، ورنہ وہ محبت نہیں، واردات کہلاتی ہے۔
فلم ’لو گُرُو‘ کے بارے میں ہمایوں سعید نے بتایا کہ یہ ایک رومانوی مزاحیہ فلم ہے جس میں رومانس زیادہ اور مزاح بھی شامل ہے، ان کے مطابق یہ فلم خواتین کو زیادہ پسند آئے گی اور اس کے گانے بھی بہت عمدہ ہیں۔
اپنے اور ماہرہ خان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ہمایوں نے کہا کہ انہوں نے ماہرہ خان کا مشہور ڈرامہ ’ہمسفر‘ صرف دو اقساط تک دیکھا، مصروفیت کی وجہ سے مکمل نہ دیکھ سکے کیونکہ وہ عام طور پر ڈرامے نہیں دیکھتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنا بھی صرف ایک ڈرامہ ’دل لگی‘ مکمل دیکھا ہے۔