کراچی: (حنا اسلم) اردو زبان کے نہایت مقبول ادیب اورعہد ساز مزاح نگار مشتاق احمد یوسفی کی آج 7 ویں برسی منائی جا رہی ہے۔
مشتاق احمد یوسفی ایک صاحب طرز طنز و مزاح نگار تھے، انہوں نے 1955ء میں ’’صنفِ لاغر‘‘ کے نام سے مضمون لکھ کر مزاح نگاری کا آغاز کیا، جو مشہور رسالے ’’سویرا‘‘ میں شائع ہوا اور پھر یہ سلسلہ جاری رہا، مشتاق احمد یوسفی کئی کتابوں کے مصنّف تھے،ان میں چراغ تلے، خاکم بدہن، زرگزشت اور آبِ گم بہت مقبول ہیں۔
مقبول ادیب مشتاق احمد یوسفی کی مزاح نگاری کی ایک خاص خوبی یہ ہے کہ اس میں فقرے بازی اور پھکڑ پن نہیں ہے بلکہ شائستہ مذاق، شوخی اور شگفتگی پائی جاتی ہے۔
خاکم بدہن اور زرگزشت پر مشتاق احمد یوسفی کو آدم جی ایوارڈ سے نوازا گیا، اس کے علاوہ انہیں ہلالِ امتیاز، ستارہ امتیاز اورپاکستان اکیڈمی آف لیٹرز ایوارڈبھی دیا گیا، وہ طویل علالت کے بعد 20 جون 2018 کو کراچی میں انتقال کر گئے تھے۔
ان کے لطیف فقرے، جملے اور عبارتیں پڑھنے والوں کو ہمیشہ محظوظ کرتے رہیں گے۔