اسلام کی خاطر شوبز چھوڑا نہیں،مذہب کو سمجھنے کیلئے وقفہ لیا تھا: حمزہ علی عباسی

Published On 19 June,2025 03:40 am

کراچی: (ویب ڈیسک) اداکار حمزہ علی عباسی نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ انہوں نے کبھی بھی مذہب اسلام کی خاطر شوبز چھوڑنے کا اعلان نہیں کیا تھا، ان کی بات کو غلط سمجھا گیا، انہوں نے مذہب کو سمجھنے کے لیے اداکاری سے وقفہ لیا تھا۔

حمزہ علی عباسی نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ماضی میں شوبز سے کنارہ کشی پر بھی بات کی۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے 2019 میں 17 منٹ کی ایک ویڈیو بنا کر شیئر کی تھی، جس میں انہوں نے واضح طور پر کہا تھا کہ وہ شوبز کو چھوڑ نہیں رہے بلکہ وقفہ لے رہے ہیں۔

ان کے مطابق انہوں نے ویڈیو میں بتایا تھا کہ انہیں خدا، رسولﷺ اور اسلام سے متعلق اپنے کچھ سوالوں کے جوابات ملے ہیں اور جوابات اور مذہب کو مزید سمجھنے کے لیے وہ کچھ وقت تک شوبز سے وقفہ لیں گے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ انہوں نے ویڈیو میں ایک بار بھی یہ نہیں کہا تھا کہ وہ مذہب اسلام کی خاطر شوبز کو چھوڑ رہے ہیں بلکہ انہوں نے یہ کہا تھا کہ وہ مذہب کو سمجھنے کے لیے شوبز سے وقفہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی مکمل ویڈیو کو نہ سنا گیا، نہ دیکھا گیا اور اگلے روز پورے میڈیا نے یہ ہیڈلائنز لگائیں کہ حمزہ علی عباسی نے مذہب اسلام کی خاطر شوبز چھوڑ دیا۔

انہوں نے بتایا کہ شوبز سے وقفہ لینے کے بعد وہ مبلغ و سکالر جاوید احمد غامدی سے تعلیم لینے ڈلاس چلے گئے، جہاں وہ ایک سال تک تعلیم حاصل کرتے رہے اور انہیں اپنے تمام سوالوں کے جوابات ملے۔

حمزہ علی عباسی کا کہنا تھا کہ نوجوانی میں ہی ان کے ذہن میں خدا، قیامت اور موت کے بعد کی زندگی سے متعلق سوالات اٹھتے تھے، جن کے انہیں جوابات درکار تھے۔

ان کے مطابق پہلے انہیں قیامت کے بعد کی زندگی پر 20 فیصد تک یقین تھا لیکن اب انہیں 100 فیصد یقین ہوچکا ہے کہ خدا بھی ہے، قیامت بھی ہوگی اور قیامت کے بعد کی زندگی مستقل زندگی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جاوید احمد غامدی نے انہیں تعلیم دی اور جہاں تک ان کا علم ہے، وہاں تک فنون لطیفہ مذہب اسلام میں جائز ہے لیکن ہمارے معاشرے میں اسلام اور فنون لطیفہ کو مخالف سمجھا جاتا ہے۔

حمزہ علی عباسی نے واضح کیا کہ انہوں نے مذہب اسلام کی خاطر شوبز چھوڑنے کا اعلان کیا تھا، نہ شوبز چھوڑا تھا، البتہ انہوں نے کچھ وقت کے لیے وقفہ لیا تھا۔