لاہور: (دنیا نیوز) دیکھتی آنکھوں، سنتے کانوں کو طارق عزیز کا سلام، پاکستان ٹیلی ویژن کی پہلی آواز، نامور کمپیئر، اداکار، شاعر اور سیاستدان طارق عزیز کو دنیا سے رخصت ہوئے 5 برس بیت گئے۔
ہر دلعزیز میزبان طارق عزیز 28 اپریل 1936 ءکو جالندھرمیں پیدا ہوئے، ریڈیو پاکستان لاہور سے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز کیا اور 40 سال تک پی ٹی وی کے پروگرام نیلام گھر کی میزبانی کی۔
جب 1964ء میں پاکستان ٹیلی ویژن کا قیام عمل میں آیا تو طارق عزیز پی ٹی وی کے سب سے پہلے مرد اناؤنسر تھے، وہ اپنے کیرئیر کے پہلے دن سے آخری روز تک پی ٹی وی کے ساتھ ہی وابستہ رہے۔
طارق عزیز نے فلموں میں بھی اپنے فن کے جوہر دکھائے، پہلی فلم ’’انسانیت‘‘ 1967ء میں ریلیز ہوئی، طارق عزیز’’سالگرہ‘‘، ’’قسم اس وقت کی‘‘، ’’کٹاری‘‘، ’’چراغ کہاں روشنی کہاں‘‘ اور ’’ہار گیا انسان‘‘ میں بھی جلوہ گر ہوئے۔
معروف اداکار و میزبان طارق عزیز نےاردو اور پنجابی میں شاعری بھی کی، حکومت پاکستان نے طارق عزیز کو 1992ء میں تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا، طارق عزیز1997ءسے 1999ءتک رکن قومی اسمبلی بھی رہے۔
پاکستان ٹیلی ویژن کی یہ پہلی آواز 17جون2020ء کو ہمیشہ کے لئے خاموش ہوگئی۔