کراچی :(دنیا نیوز) کینسر سے جنگ لڑنے والی اداکارہ، ماڈل و ہدایت کارہ انجلین ملک نے بتایا ہے کہ وہ مزید علاج کے لیے ترکیہ منتقل ہوگئیں۔
انجلین ملک نے فروری 2025 میں انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے بتایا تھا کہ ان میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے اور ان کا علاج جاری ہے، بعد ازاں انہوں نے سر کے بال منڈوالیے تھے جب کہ سر کے بالوں کے بغیر بھی وہ ریمپ پر واک کرتی دکھائی دی تھیں۔
کینسر کی تشخیص کے بعد انجلین ملک نے اپنا ابتدائی علاج ممکنہ طور پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں کروایا، جہاں ان کی کیموتھراپی اور سرجری بھی کی گئی۔
اداکارہ نے مئی میں بتایا تھا کہ ان کی 6 کیموتھراپی مکمل ہوچکیں جب کہ ان کا مزید علاج جاری ہے، اس سے قبل انہوں نے سرجری سے متعلق بھی مداحوں کو آگاہ کیا تھا۔
رواں ماہ جون کے آغاز میں انہوں نے اپنی نئی تصاویر شیئر کرتے ہوئے دعائیں کرنے پر مداحوں کا شکریہ ادا کیا تھا اور بتایا تھا کہ دعاؤں سے فرق پڑتا ہے، انہیں دعاؤں سے بیماری میں تقویت ملی اور موذی مرض سے لڑنے کے قابل ہوئیں۔