لاہور: (دنیا نیوز) اداکارہ زینب مظہر نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بھی محبت میں دھوکا ملا، بے وفائی پر انہیں کافی تکلیف ہوئی لیکن اب وہ سنبھل چکی ہیں۔
اداکارہ نے حال ہی میں دنیا نیوز کے مزاحیہ پروگرام ’مذاق رات‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ریڈیو سے بطور میزبان کیریئر کا آغاز کیا تھا، اس وقت وہ یونیورسٹی کی طالبہ تھیں، ان کے مطابق انہوں نے ریڈیو پر ’لو گُرُو‘ نامی شو کیا تھا، جسے کافی پسند کیا گیا، لوگ اس میں فون کرکے محبت کے مشورے تک مانگتے تھے۔
ایک سوال کے جواب میں زینب مظہر نے بتایا کہ اگرچہ انہیں اداکاری کا شوق نہیں تھا لیکن ہمیشہ وہ کچھ نہ کچھ بننا چاہتی تھیں، اداکارہ کا کہنا تھا کہ اداکاری شروع کرنے کے بعد انہیں سکون ملا، اداکاری کے دوران وہ بہت سارے ایسے کام کرلیتی ہیں، جنہیں حقیقی زندگی میں کرنے کا انہیں موقع نہیں ملتا۔
ان کے مطابق بعض اوقات حقیقی زندگی میں انسان رونا اور ہنسنا چاہتا ہے لیکن ایسا کر نہیں پاتا لیکن اداکاری میں یہ سب کچھ کیا جا سکتا ہے۔
یک طرفہ محبت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ دراصل یک طرفہ چیز محبت نہیں ہوتی بلکہ وہ اذیت ہوتی ہے، انہوں نے بتایا کہ انہیں کبھی کسی سے یک طرفہ محبت نہیں ہوئی اور اگر انہیں کبھی کسی سے محبت ہوئی تو وہ انہیں بتا دیں گی۔
زینب مظہر نے کہا کہ اگر کسی کو ان سے یک طرفہ محبت ہوگئی اور وہ شخص انہیں پسند نہیں آئے تو وہ انہیں صاف منع کردیں گی، اسی موضوع پر بات کرتے ہوئے اداکارہ نے اعتراف کیا کہ انہیں بھی محبت میں دھوکا مل چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دھوکا دینے والے شخص نے بظاہر مجبوری کا بہانا کیا لیکن بعد میں انہیں احساس ہوا کہ انہوں نے منصوبہ بندی کے تحت ان سے بے وفائی کی، زینب مظہر نے اعتراف کیا کہ دل ٹوٹنے پر انہیں تکلیف ہوئی اور کافی وقت تک وہ درد برداشت کرتی رہیں لیکن اب وہ خوش ہیں۔
ہونے والے شریک حیات سے متعلق پوچھے گئے سوال پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ خود بھی دراز قد ہیں تو ان کی خواہش ہے کہ ان کا ہونے والے شریک حیات بھی دراز قد ہو، انہوں نے بتایا کہ ان کی خواہش ہے کہ انہیں بلال عباس یا فواد خان کی طرح دکھنے والا شوہر ملے۔