لاہور: (ویب ڈیسک) اداکارہ و ٹی وی میزبان اشنا شاہ نے شکوہ کیا ہے کہ پنجابی اپنی مادری زبان پر فخر کیوں نہیں کرتے؟ نا جانے انہیں اپنی زبان سے کیا مسئلہ ہے؟
اداکارہ نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
پروگرام کے دوران اداکارہ نے مقامی زبانوں پر بھی بات کی اور اس بات پر اظہار افسوس کیا کہ پنجابی افراد اپنے مادری زبان پر فخر نہیں کرتے، وہ پنجابی نہیں بولتے، انہوں نے لاہور سے زیادہ کراچی میں وقت گزارا ہے، اس لئے ان کے متعدد زبان بولنے والے افراد دوست ہیں جو آپس میں اپنی مادری زبان میں بات کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خصوصی طور پر سندھی اور پشتون افراد اپنی مادری زبان میں بات کرتے ہیں جبکہ عالمی سطح پر بھی فارسی سمیت دیگر زبانیں بولنے والے افراد اپنی مادری زبان میں بات کرتے ہیں۔
اداکارہ نے شکوہ کیا کہ پنجابی اپنی مادری زبان میں بات نہیں کرتے، انہیں اپنی زبان سے نہ جانے کیا مسئلہ ہے۔
اشنا شاہ نے پروگرام کے دوران اپنی مادری زبان پنجابی میں ہی گفتگو کی، ساتھ ہی انہوں نے اردو اور انگریزی میں بھی بات کی، انہوں نے بتایا کہ ان کا بچپن کینیڈا میں گزارا، انہوں نے وہیں تعلیم بھی حاصل کی، اس لئے ان کی انگریزی زبان کینیڈین انداز کی ہوتی ہے، جس پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ بھائی بھی کینیڈین انداز میں انگریزی بولنے پر ان کا مذاق اڑاتے رہے ہیں، باقی لوگ بھی ان پر طنز کرتے رہے ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ایک طرف کوئی غلط انگریزی بولتا ہے تو بھی پاکستانی عوام اس پر تنقید کرتے ہیں اور اگر کوئی اچھی انگریزی بولے تو اس پر یہ الزام لگایا جاتا ہے کہ وہ دوسرے ممالک کے انداز میں بات کر رہا ہے، پاکستانی عوام کسی بھی حال میں خوش نہیں جبکہ پنجابیوں کو اپنی زبان پر فخر کرنا چاہیے، ان کی زبان میں بنائی گئی موسیقی دنیا بھر میں سنی اور پسند کی جاتی ہے۔