والدین کی رضامندی سے دوسری شادی کی تو محبت، عزت، سکون سب ملا: آمنہ شیخ

Published On 25 October,2025 07:21 am

لاہور: (ویب ڈیسک) معروف اداکارہ اور ماڈل آمنہ شیخ نے کہا ہے کہ دوسری شادی والدین کے مشورے سے کی جس نے مجھے نہ صرف محبت بلکہ سکون، عزت اور زندگی میں توازن بھی دیا۔

اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں اداکارہ و ماڈل آمنہ شیخ نے کہا کہ پہلی شادی کی ناکامی کے بعد دوسری شادی والدین کی رضامندی سے ہوئی ہے اور یہ فیصلہ ان کیلئے زندگی بدل دینے والا تجربہ ثابت ہوا، پہلی شادی اپنی مرضی سے کی تھی، البتہ میں اُس وقت والدین کی رائے شامل کر لیتی تو شاید زندگی کا سفر کچھ اور ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ محبت میں فیصلہ کرنا آسان لگتا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ والدین کی بصیرت زندگی کے بڑے فیصلوں میں سب سے بڑی رہنمائی ہوتی ہے، پہلے شوہر سے علیحدگی کے بعد کا وقت میرے لیے نہایت مشکل تھا، ذہنی دباؤ کا شکار تھی اور اپنی چھوٹی بیٹی کی پرورش بھی تن تنہا کرنا تھی۔

آمنہ شیخ نے کہا کہ میں اُس کڑے وقت میں نے کچھ وقت کیلئے اداکاری چھوڑ کر تمام وقت اپنی بیٹی کے ساتھ گزارنے کا فیصلہ کیا، اللہ اور خاندان کی سپورٹ سے میں آہستہ آہستہ زندگی کی طرف واپس لوٹ آئی۔

آمنہ شیخ نے نوجوان لڑکیوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کیلئے دل میں جذبات پیدا ہوں تو فوراً فیصلہ نہ کریں، پہلے اس کی شخصیت کو سمجھیں، وقت دیں اور والدین کو اعتماد میں لیں، محبت صرف دل سے ہی نہیں بلکہ عقل اور تجربے سے بھی کی جاتی ہے۔