لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف اداکارہ صبا قمر کے کراچی سے متعلق منفی بیان کے باعث سوشل میڈیا صارفین شدید برہم ہوگئے۔
صبا قمر نے نجی ٹی وی کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کے دوران کراچی سے اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔
پوڈکاسٹ میں ان سے سوال کیا گیا تھا کہ کیا آپ کام کے لئے کراچی منتقل ہونے کیلئے تیار ہیں؟ جس پر اداکارہ نے فوراً جواب دیا کہ استغفراللہ کبھی نہیں۔
بعدازاں انہوں نے کہا خیر، انسان کبھی نہیں جانتا کہ مستقبل میں کیا ہو، لیکن میں کراچی صرف کام کیلئے جاتی ہوں، اپنا کام مکمل کرتی ہوں اور واپس آ جاتی ہوں، مجھے لاہور اور اسلام آباد پسند ہیں، اگر کوئی کراچی میں مجھے گھر لے دے تو ٹھیک ہے، حالانکہ میں نے وہاں اپنا ایک گھر بنا بھی لیا ہے۔
پوڈکاسٹ کے دوران وہ آہستہ آواز میں یہ بھی کہتی سنائی دیں کہ I don’t like Karachi (مجھے کراچی پسند نہیں)۔
ایک اور موقع پر اداکارہ نے کہا کہ تمام پروجیکٹس جو کراچی میں شوٹ ہو رہے ہیں، انہیں اسلام آباد منتقل کر دینا چاہیے۔
صبا قمر کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی ہے اور مداحوں کا کہنا ہے کہ کراچی جیسے بڑے شہر کے بارے میں منفی رائے کا اظہار ایک معروف اداکارہ کے شایانِ شان نہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ صبا قمر نے کراچی کے لئے استغفراللہ کہا یہ کتنی بری بات ہے، دوسرے نے کہا جب کراچی کے ڈراموں میں کام کرتی ہیں تو اسی شہر کے بارے میں ایسی باتیں کیوں کرتی ہیں؟
ایک اور صارف نے طنز کرتے ہوئے لکھا کہ پنڈی اور پنجاب کے لوگ کراچی کے بارے میں عجیب جنون رکھتے ہیں۔



