لاہور: (دنیا نیوز) سینئر اداکارہ، ماڈل و ٹی وی میزبان عفت عمر نے شوبز انڈسٹری سے دوری اختیار کرنے کی اصل وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ جب اپنے ہی پیسے فقیروں کی طرح مانگنے پڑیں تو بہتر ہے کہ انسان خود کو اس ماحول سے الگ کر لے۔
عفت عمر نے حال ہی میں دنیا نیوز کے مقبول ترین مزاحیہ پروگرام ’مذاق رات‘ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے ڈرامہ انڈسٹری سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اداکارہ عفت عمر کا کہنا تھا کہ ڈرامہ ایک ایسا میڈیم ہے جو پورا خاندان مل کر دیکھتا ہے، اس لیے ڈراموں میں اصلاحی پہلو کا ہونا بے حد ضروری ہے، انڈسٹری میں اچھا اور برا دونوں طرح کا کام ہورہا ہے، تاہم اچھے کام کی شرح تقریباً 40 فیصد ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ پاکستانی ڈرامے نہیں دیکھتیں حتیٰ کہ انہوں نے آج تک اپنا بھی کوئی ڈرامہ نہیں دیکھا کیونکہ جب وہ ڈرامہ دیکھتی ہیں تو کیمرے کے پیچھے ہونے والے واقعات کو بخوبی سمجھ لیتی ہیں کہ کس وقت اداکار غصے میں ہے یا منظر کے دوران کیا کچھ پیش آرہا ہے۔
ان کے مطابق اب چونکہ موبائل فون بھی ہاتھ میں آگیا ہے اس لیے وہ اس پر بہتر اور زیادہ دلچسپ چیزیں دیکھنا پسند کرتی ہیں۔
اداکارہ نے انڈسٹری میں اداکاروں کی جانب سے معاوضے سے متعلق شکایات پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں حالیہ حالات کا علم نہیں کیونکہ وہ کافی عرصے سے کسی پروجیکٹ کا حصہ نہیں رہیں۔
تاہم ان کے مطابق وہ اسی وجہ سے انڈسٹری سے دور ہوئیں کہ جب اپنے ہی پیسے فقیروں کی طرح مانگنے پڑیں تو بہتر ہے کہ انسان خود کو اس ماحول سے الگ کر لے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر معاوضہ نہ ملنے کی وجہ سے کام کرنے سے انکار کیا جائے تو ڈرامہ بنانے والوں کی جانب دھمکیاں بھی دی جاتی ہیں جو کسی بھی فنکار کی عزت کے منافی ہے۔
عفت عمر نے مزید کہا ہے کہ اداکار کی بھی اپنی عزت ہوتی ہے، یہ وہی لوگ ہیں جن کی وجہ سے ڈرامہ فروخت ہوتا ہے اس لیے جب وہ اس نظام میں تبدیلی نہیں لا سکیں تو انہوں نے خود کو اس انڈسٹری سے فاصلے پر کر لیا۔



