لاہور: (دنیا نیوز) پاکستانی اداکارہ رابعہ عابد اپنے مرحوم شوہر عابد علی کی یاد میں ایک بار پھر آبدیدہ ہو گئیں۔
حال ہی میں دنیا نیوز کے مزاحیہ پروگرام ’مذاق رات‘ میں رابعہ عابد نے بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔
پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ مرحوم شوہر عابد علی ان کی زندگی کا مضبوط سہارا تھے اور ان کے جانے کے بعد بھی ان کی یادیں ہمیشہ ساتھ رہتی ہیں۔
رابعہ عابد کے مطابق وہ اپنے روزمرہ معمولات میں خود کو مصروف رکھتی ہیں مگر عابد علی کا ساتھ ان کے اندازِ محبت اور بولے گئے الفاظ آج تک دل میں تازہ ہیں، عابد علی ان کے لیے صرف ایک ہمسفر نہیں بلکہ تحفظ اور زندگی کا احساس تھے اور انسان اپنی جان سے پیاری چیز کے بغیر نہیں رہ سکتا۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں کی پہلی ملاقات ایک فلائٹ میں ہوئی جب وہ کیبن کریو میں شامل تھیں تاہم اصل قربت کوئٹہ میں ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران بڑھی اور پھر 2006 میں دونوں نے شادی کرلی۔
عابد علی کی شخصیت پر گفتگو کرتے ہوئےاداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کے درمیان محبت کبھی زبردستی نہیں تھی، سب کچھ اپنے وقت اور فطری انداز میں ہوا، عابد علی نہایت خیال رکھنے، محبت کرنے اور ہر کسی کا سوچنے والے انسان تھے، وہ شوٹنگ کے بعد پوری ٹیم کو کھانا کھلانے لے جایا کرتے تھے۔
اپنے جذباتی لمحے کا ذکر کرتے ہوئے رابعہ عابد نے بتایا کہ انہیں عابد علی سے اپنی وابستگی کا احساس اس وقت ہوا جب ایک دن انہیں وہ صبح کا میسج موصول نہیں ہوا جو دونوں چھ ماہ سے روزانہ ایک دوسرے کو بھیج رہے تھے۔
رابعہ عابد کا مزید کہنا تھا کہ ابتدا میں انہوں نے عابد علی کو بتایا کہ وہ شادی شدہ ہیں، اس لیے اس تعلق کو آگے بڑھانا مناسب نہیں مگر عابد علی نے رشتے کو ختم کرنے سے منع کرتے ہوئے کہا کہ حالات کو قدرتی طور پر اپنا راستہ بنانے دیں۔



