براڈ پٹ نے انجلینا جولی کے خلاف جائیداد کا دعویٰ دائر کردیا

Published On 07 November,2025 10:58 am

ہالی ووڈ: (ویب ڈیسک) ہالی ووڈ اداکار براڈ پٹ نے اپنی سابقہ بیوی اینجلینا جولی کے خلاف جائیداد کے تنازع پر مقدمہ دائر کر دیا۔

براڈ پٹ اور انجلینا جولی میں نیا تنازع فرانسیسی شراب خانہ شاتو میراؤل کے مشترکہ ملکیت اور جولی کی 2021 میں وائنری میں اپنے حصے کی فروخت سے متعلق ہے، جس کے بعد پٹ کی قانونی ٹیم نے عدالت میں نئی دستاویزات جمع کرائی ہیں۔

براڈ پٹ کے نمائندوں نے عدالت میں جو دستاویزات جمع کرائی ہیں، ان میں جولی کی ٹیم اور فروخت میں شامل دیگر فریقوں کے درمیان رابطوں کے ثبوت شامل ہیں، یہ رابطے اس بات کی وضاحت کے لیے پیش کیے گئے ہیں کہ جولی نے وائنری میں اپنی ملکیت کی حصہ داری کس حالات میں منتقل کی۔

شاتو میراؤل کو پٹ اور جولی نے اپنی شادی کے دوران مشترکہ طور پر خریدا تھا اور یہ ان کی مشترکہ ملکیت میں ایک اہم اثاثہ بن گیا تھا، وائنری کے انتظام اور فروخت کے حوالے سے تنازعات ان کے طلاق کے عمل میں نمایاں رہے ہیں۔

جولی کے حصے کی 2021 کی فروخت تنازع کا اہم نکتہ رہی ہے، اور پٹ کی قانونی ٹیم نے اب دستاویزات جمع کرائی ہیں جن میں دکھایا گیا ہے کہ جولی نے فروخت کے عمل میں مناسب مشاورت کے بغیر یہ قدم اٹھایا، یہ نئی دستاویزات سابقہ جوڑے کے درمیان ملکیت اور فیصلے کے حقوق کے بارے میں سوالات حل کرنے کی تازہ کوشش ہیں۔

عدالت میں جمع کرائی گئی رابطوں کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئی ہیں، نئے شواہد کے موجود ہونے سے قانونی کارروائی کی سمت متاثر ہو سکتی ہے، توجہ اس بات پر مرکوز ہے کہ فروخت کی شرائط اور سابقہ شریک حیات کے درمیان ذمہ داریاں صحیح طریقے سے پوری کی گئی ہیں یا نہیں۔

شاتو میراؤل کے حوالے سے قانونی تنازع جاری ہے، اور دونوں فریق اپنی ملکیت اور فیصلہ سازی کے اختیارات کے دعوے برقرار رکھے ہوئے ہیں، عدالت نئی دستاویزات کا جائزہ لے گی، اور جیسے جیسے کیس آگے بڑھے گا، مزید پیش رفت متوقع ہے۔

انجلینا جولی اور براڈ پٹ نے 10 سال تک شادی کے بغیر ایک دوسرے سے تعلقات رکھے تھے، جس کے بعد دونوں نے 2014 میں شادی کی تھی مگر دو سال بعد 2016 میں دونوں الگ ہوگئے۔

براڈ پٹ اور انجلینا کے 6 بچے ہیں، جن میں سے سب سے بڑے بچے میڈوکس کی عمر 22 برس، دوسرے بچے پاکس کی عمر 20 برس، زہرا کی عمر 19 برس، شلوح کی عمر 17 برس جب کہ جڑواں بچوں ناکس اور ووینے کی عمر 15 برس ہے، گود لیے بچے غریب اور افریقی ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔