سونیا حسین کا عالمی اعزاز، ماسکو میں ’’بیسٹ سپورٹنگ ایکٹریس‘‘ ایوارڈ جیت لیا

Published On 28 November,2025 01:09 pm

ماسکو: (شاہد گھمن) پاکستانی اداکارہ سونیا حسین نے ماسکو میں ’’بیسٹ سپورٹنگ ایکٹریس‘‘ کا ایوارڈ جیت کر عالمی اعزاز حاصل کر لیا۔

اداکارہ سونیا حسین نے روس کے دارالحکومت ماسکو میں منعقدہ ’’یوریشین اوپن ایوارڈ ڈائمنڈ بٹر فلائی‘‘ تقریب کے دوران فلم ’’دیمک‘‘ میں اپنی شاندار اداکاری پر بیسٹ سپورٹنگ ایکٹریس کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔

تقریب میں دنیا بھر سے 17 ممالک کی 34 فلمیں شامل تھیں، جن میں پاکستان کی دو فلمیں ’’دیمک اور لوو گرو " بھی مقابلے کا حصہ تھیں۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ سونیا حسین نے ایوارڈ تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی ہیں۔

سونیا حسین کی فلم ’’دیمک‘‘ نے بین الاقوامی ججوں کی خصوصی توجہ حاصل کی، جبکہ ان کی کردار نگاری کو فنی مہارت، جذباتی گہرائی اور حقیقت سے قریب تر اداکاری کے باعث اعلیٰ سراہا گیا۔

تقریب کے منتظمین کے مطابق اس سال ایوارڈز میں عالمی شرکت پہلے سے زیادہ رہی اور پاکستانی فلموں کی موجودگی کو جنوبی ایشیائی سینما کی بڑھتی ہوئی عالمی پذیرائی کا ثبوت قرار دیا گیا۔

سونیا حسین کی یہ کامیابی نہ صرف ان کی ذاتی فنی محنت کا اعتراف ہے بلکہ پاکستانی فلم انڈسٹری کیلئے بھی اہم بین الاقوامی سنگِ میل سمجھا جا رہا ہے۔