بھارتی اداکارہ نے پہلگام حملے کو بھارت کی سازش قرار دے دیا

Published On 16 December,2025 10:28 am

ممبئی: (ویب ڈیسک) مشہور ٹی وی سیریل کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی میں اداکاری کے باعث شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ جیا بھٹاچاریہ نے پہلگام حملے کو بھارت کی سازش قرار دے دیا۔

جیا بھٹا چاریہ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں اداکارہ نے بھارتی حکومت اور سپریم کورٹ پر سخت تنقید کرتے ہوئے پہلگام حملے کو مبینہ طور پر ایک سازش قرار دیا۔

اداکارہ نے ویڈیو میں پہلگام حملے کے دوران سیکیورٹی میں مبینہ کوتاہی پر بھی شدید ردِعمل دیا، انہوں نے اس واقعہ کو ایک منظم سازش قرار دیتے ہوئے حکومت سے جواب طلب کیا تھا۔

اداکارہ نے کہا کہ دہلی میں سڑک کے کتوں کی حمایت میں احتجاج کرنے والوں کے لیے جتنی سکیورٹی لگائی گئی ہے اگر اتنی ہی سکیورٹی وہاں لگا دی جاتی جہاں لوگوں سے نام پوچھ کر قتل کیا گیا تو وہ اس طرح نہ مارے جاتے، یا پھر کیا یہ بھی کسی سازش کا حصہ ہے؟ جواب دیجیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے کندھے پر بندوق رکھ کر شکار کیا جا رہا ہے، ہمیں بتائیے حکومت کس کے ساتھ کاروبار کر رہی ہے؟

ذرائع کے مطابق یہ ویڈیو اگست 2025 کی ہے جو دہلی این سی آر میں آوارہ کتوں کے انتظام سے متعلق عدالتی تنازع کے دوران ریکارڈ کی گئی تھی۔