لاہور: (ویب ڈیسک) اداکاری اور گلوکاری سے وابستہ رہنے والی رابی پیرزادہ نے اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کر دیا۔
ایک بڑے تنازع کے بعد ان کی زندگی میں آنے والی روحانی تبدیلی نے انہیں ایک نیا راستہ دکھایا جس سے انہوں نے اسلامی طرزِ زندگی کو اپنا لیا، اس تبدیلی کے بعد رابی نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا، اب رابی پیرزادہ اپنی زندگی کے ایک اور خوبصورت باب میں داخل ہو چکی ہیں۔
حال ہی میں وہ نکاح کے بندھن میں بندھ گئیں، ان کی نکاح کی تقریب نہایت سادگی اور رازداری کے ساتھ منعقد کی گئی جس کی جھلکیاں انہوں نے خود اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیں۔
اگرچہ ان کے شریکِ حیات کی جانب سے کوئی تصویر شیئر نہیں کی گئی تاہم رابی پیرزادہ نے اپنے والدین، بھائی اور ماموں کے ساتھ گزارے گئے چند یادگار لمحات مداحوں کے ساتھ شیئر کیے، نکاح کی تقریب کے دوران رابی پیرزادہ نے کریم اور سرخ رنگ کے خوبصورت ملبوسات زیب تن کیے، جن میں وہ نہایت پُرسکون، باوقار اور مطمئن نظر آئیں۔
شیئر کی گئی تصاویر میں سادگی، خاندانی محبت اور روحانی سکون نمایاں تھا، مداحوں کی جانب سے انہیں نئی زندگی کے آغاز پر خوب دعائیں اور نیک تمنائیں دی جا رہی ہیں۔



